پاکستانی خبریںعالمی خبریں

اسرائیل کا دورہ کرنے والے پی ٹی وی کے اینکر کو نوکری سے ہٹا دیا گیا

خلیج اردو
اسلام آباد : پاکستان میں سرکاری ٹیلی ویژن کے اینکر پرسن جس نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا، کو برطرف کردیا گیا۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مذکورہ اینکر نے دورہ اپنی ذاتی حیثیت میں کیا تھا۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اہم پالیسی بیان میں کہا ہے کہ فلسطین پر پاکستان کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے منافی کوئی پالیسی یا اقدام نہیں ہوسکتا ۔ پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی اور اصولی موقف پر سختی سے کاربند ہے ۔

وزارت خارجہ واضح کرچکی ہے کہ پاکستان سے کوئی وفد اسرائیل نہیں گیا ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کے استصواب رائے کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دنیا دو ریاستی حل کو خطے میں پائیدار امن کا ضامن تصور کرتی ہے۔ 1967 سے پہلے کی سرحدوں، بیت المقدس دارالحکومت اور جغرافیائی وحدت کی حامل فلسطینی ریاست کا وعدہ پورا کیا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطین اور جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ ترین امور ہیں جن کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ ان دونوں مسائل کے منصفانہ حل تک دنیا میں پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button