پاکستانی خبریںعالمی خبریں

جس کو میر جعفر کہا ہے وہ کوئی اور نہیں شہباز شریف ہے، عمران خان

خلیج اردو
جہلم : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اربوں روپے کرپشن کیسز میں مفرور شخص نواز شریف کی طلبی پر وفاقی کابینہ کا لندن جانا پاکستان کی توہین ہے۔

جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کابینہ کے لوگ عوام کے پیسوں پر لندن جاکر وہاں بیٹھے سزایافتہ شخص اور مجرم سے ہدایت لیں گے، یہ پاکستان کی توہین ہے اور اب غیور قوم اس کے خلاف کھڑی ہوگئی ہے۔

مسلم لیگ ن کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’مریم نواز اور بڑا بھائی فوج کے خلاف بیان دیتا ہے اور چھوٹا بھائی بوٹ پالش کرتا ہے، شہباز شریف شرم کرو، میں نے جس میر جعفر کا ذکر کیا وہ تم ہو کیونکہ جیسے انگریزوں نے میر جعفر کو اقتدار پہ بٹھایا ویسے ہی امریکا نے تمھیں اقتدار پر بٹھایا‘۔

عمران خان نے آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’جب گیدڑ کی موت آتی ہے وہ شہر کا رخ کرتا ہے، میں سندھ کو آزاد کراؤں گا، تم نے سندھ کو لوٹا، ظلم کیا اور جہاز بھر بھر کے پیسے ، ڈالرز باہر بھیجے، میں اب سندھ آرہا ہوں ۔

عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ ’میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اقتدار سے نکل کر زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا کیونکہ وہاں دفتر میں کام کی مصروفیات زیادہ تھیں، بیٹھ بیٹھ کر میرا وزن بھی بڑھ گیا ہے، خدا کا شکر ہے کہ اب میں دوبارہ عوام کے درمیان آکر آزاد ہوگیا ہوں‘۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بھارت نے ای یو ڈس انفارمیشن لیب بنایا جس نے پاکستان پرتنقید کی، پاکستانی فوج اور مجھے نشانہ بنایا، اُن کی خواہش ہے کہ پاکستان کو تین ٹکڑے ہوجائے، بلوچستان میں دہشت گردی کا مقصد بھی پاکستان کو توڑنا ہے مگر پی ٹی آئی اور فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا‘۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کہتا ہے میں فوج کے خلاف بیان دیتا ہوں، میرا سب کچھ پاکستان میں ہے اور جو کمایا تھا وہ سب فروخت کر کے ملک لے آیا، میں بھاگ کر کہیں نہیں جاؤں گا، میں تو کہتا ہوں ای سی ایل میں ڈال دو کیونکہ میں باہرجانا نہیں چاہتا‘’روس ہمیں تیس فیصد کم قیمت میں تیل اور گندم دینے پر راضی ہوگیا تھا مگرکیا اب شہباز شریف ماسکو سے بات کرسکتے ہیں؟ وہ ایسا نہیں کرسکتے کیونکہ اس کے لیے شہبازشریف کو امریکا سے اجازت لینا ہوگی ۔۔

انہوں نے کہا کہ میرے دور میں مودی کی ہمت نہیں تھی کہ وہ پاک فوج کے خلاف بات کرے، ذوالفقار علی بھٹو عوام کے لیے کھڑا ہوا تو اس کے خلاف بھی سازش ہوئی، جس میں فضل الرحمان اور نوازشریف شریک تھے‘۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جہلم شہیدوں، غازیوں اور محافظوں کا شہر ہے، یہاں کے لوگ بتائیں کہ مراسلہ جھوٹا ہے یا سچا، شہباز شریف آج تمھیں عمران خان کے چرنوں میں بیٹھ جانا چاہیے تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ یہ مراسلہ وزارت خارجہ میں بھرا گیا، جس کابینہ کا تم حصہ ہو تو کیوں انکوائری کمیشن کا اعلان کیا، امپورٹڈ وزیرخارجہ سے پوچھتا ہوں آج مسجد اقصیٰ پر حملہ ہوا کیا تم نے کوئی بیان دیا اور نہ مذمت کی۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے لوگ مختلف طریقوں سے ملک کی خدمت کرتے ہیں، یہاں کے لوگ پاکستان کی بنیادوں میں اپنا لہو دیتے ہیں۔ پاکستان کے اقتدار اعلی کا فیصلہ واشنگٹن نہیں پاکستان کے لوگوں نے کرنا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کے لیے کوئی ایک بھی چہرہ موجود نہیں، اب ایوان لرز جائیں گے اور راج کرے گی خلق خدا۔۔ عوام عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، کسی امپورٹڈ حکومت اور چیری بلاسم کو ہم نہیں مانتے ۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button