پاکستانی خبریں

عالمی برادری کو مشترکہ وژن اور حکمت عملی کے ذریعہ موجودہ چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہوگا،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

خلیج اردو
راولپنڈی : پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کے معاملات سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور علاقائی سلامتی کے معاملات سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس کو افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے تاریخی قراردیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنا بہت اہم ہے، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ چیلنجز خطے کے امن اور استحکام کے لئے بہت اہم ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چینی وزیرخارجہ نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ہر سطح پر پاکستان سے سفارتی تعاون کی بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا اظہار کیا۔

معزز مہمان نے او آئی سی کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات ہم آہنگی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، دنیا کو علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں تسلیم کرنا چاہئے۔

چینی وزیرخارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور سی پیک کو فراہم کردہ سیکیورٹی کی تعریف کی ۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button