پاکستانی خبریں

پنجاب کے وزارت اعلی کے انتخاب کا معاملہ سپریم کورٹ میں چیلنج، حکمران اتحاد کی جانب سے فل کورٹ کا مطالبہ

خلیج اردو
اسلام آباد : پاکستان میں حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتوں نے سپریم کورٹ سے فل بینچ کا مطالبہ کر دیا۔ اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکمران اتحاد کی جماعتیں چیف جسٹس پاکستان سے پر زور مطالبہ کرتی ہیں کہ وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے۔

‎اعلامیہ کے مطابق قرین انصاف ہوگا کہ عدالت عظمیٰ کے تمام معزز جج صاحبان پر مشتمل فل کورٹ ،سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کے لئے مقرر کرکے اس پر فیصلہ صادر کرے کیونکہ یہ بہت اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات ہیں۔

‎اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام کی بھاری قیمت قومی معیشت دیوالیہ پن کے خطرات اور عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی صورت ادا کر رہے ہیں۔

‎عمران خان بار بار سیاست میں انتشار پیدا کر رہا ہے جس کا مقصد احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا ہے۔

‎آئین نے مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں اختیارات کی واضح لکیر کھینچی ہوئی ہے جسے ایک متکبر آئین شکن فسطائیت کا پیکر مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ دراصل پاکستان کے آئین، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری نظام کو بھی معیشت کی طرح دیوالیہ کرانا چاہتا ہے۔ یہ سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کےلئے دیمک بن چکا ہے۔

‎حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں اس عزم کا واشگاف اعادہ کرتی ہیں کہ آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر ہر گز کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر فورم اور ہر میدان میں تمام اتحادی جماعتیں مل کر آگے بڑھیں گی اور فسطائیت کے سیاہ اندھیروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button