پاکستانی خبریں

پاکستان کو بڑا اعزاز : پنجاب یونیورسٹی کے تین پروفیسرز دنیا کے بہترین ریسرچرز میں شامل ہو گئے

خلیج اردو
17 نومبر 2020
لاہور: سٹینفورڈ یونیورسٹی کیلفورنیا نے پنجاب یونیورسٹی کے تین پروفیسرز کو دنیا کے ان دو فیصد بہترین محقیقین میں شامل کر لیا ہے جن کی ریسرچ منفرد اور مفید ہے۔ ان محققین کو ان کے تحقیقی مقالوں کی بین الاقوامی جانچ پڑتال کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔

سٹینفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں پنجاب یونیورسٹی کی فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈین ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر محمد شریف اور شعبہ ریاضی کے ڈاکٹر محمد اکرم کے ناموں کو شامل کیا گیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے اسے یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ پاکستان کیلئے اعزاز کی بات تصور کی ہے۔

ڈاکٹر نیاز احمد کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر رینکنگ بہتر بنانے کے لیے ہمارے اقدامات کے ثمرات ملنا شروع ہو چکے ہیں۔ جامعہ پنجاب کو عالمی معیار تک لے جانے میں تمام اساتذہ اور شعبوں کا تعاون حاصل ہے اور اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف معیار تعلیم بلند ہوگا بلکہ طلبہ بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے قابل ہوں گے۔

پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان محمد خرم نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ بہترین محققین کی عالمی درجہ بندی میں تمام شعبوں سے ایک لاکھ 60 ہزار محققین کو شامل کیا گیا تھا۔

بہترین محققین میں نامزد پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں اپنی نامزدگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ عالمی معیار کی تحقیق میں لاکھوں مقالوں کے باوجود ان کا اور ان کے دیگر ساتھیوں کے مقالے کا منتخب ہونا بڑا اعزاز ہے۔ اس یونیورسٹی نے پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں سے 81 پروفیسرز کے ریسرچ مقالے دنیا بھر سے منتخب دو فیصد محققین کی اس لسٹ میں شامل کیے ہیں۔

ڈاکٹر خالد محمود نے اس بات پر زور دیا کہ ‘عالمی سطح پر محققین کی لسٹ میں شامل ہونے سے ہماری جامعات کی عالمی رینکنگ بھی بہتر ہو جائے گی، اس لیے یہاں کے اساتذہ کو اپنے مقالہ جات اور ریسرچ کو بہتر سے بہتر بنانا ہوگا۔

Source : Indipendent Urdu

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button