پاکستانی خبریں

افسوسناک حادثہ: بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے افسران سمیت 6 جوان شہید ہو گئے

خلیج اردو
راولپنڈی : پاکستان کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں خوست کے قریب فلائنگ مشن کے دوران آرمی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے دو میجرز سمیت چھ پاک فوج کے جوان شہید ہو گئے ہیں۔

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق طیارے میں سوار دو پائلٹ سمیت سب جوانوں نے شہادت نوش فرمائی ہے۔

حادثے میں اٹک کا رہائشی انتالیس سالہ میجر خرم شہزاد (پائلٹ) شامل ہے جو شادی شدہ اور ایک بیٹی کا باپ تھا،
30 سالہ میجر محمد منیب افضل (پائلٹ) راولپنڈی کا رہائشی، شادی شدہ اور دو بیٹوں کا باپ ،کرک کے گاؤں صابر آباد کے رہائشی 44 سالہ صوبیدار عبدالواحد جس کے تین بیٹے اور بیٹی سمیت چار بچے تھے شہید ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 سالہ سپاہی محمد عمران خانیوال کے علاقے مخدوم پور کا رہائشی ہے جن کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ،30 سالہ نائیک جلیل، گاؤں بھٹہ، لوہارا، تہہ کھاریاں ضلع گجرات جو دو بیٹوں کا باپ تھا، 35 سالہ سپاہی شعیب جو ضلع اٹک کے گاؤں کھترپھٹی پی او سیدہ تہ جھنڈ کا رہائشی ہے اور ایک بیٹے کا باپ شہدا میں شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی۔ یہ بلوچستان میں اسی نوعیت کے ایک واقعے کے ایک ماہ سے زیادہ عرصے کے بعد سامنے آیا ہے جہاں یکم اگست کو پاک فوج کا ایک ہیلی کاپٹر جس کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ جوان شہید ہوئے تھے۔ ہیلی کاپٹر کا بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

حادثے پر وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہرنائی بلوچستان میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 2 پائلٹس سمیت 6 فوجی اہلکاروں کی شہادت پر دل شدید دکھی اور رنجیدہ ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل دے۔ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے۔

پی ٹی آئی کے فواد چوہدری نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کی پرواز خطرناک ہوتی جا رہی ہے اور حادثوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اللہ مغفرت فرمائے۔

سوشل میڈیا پر واقعے کو لے کر افسوس اور دکھ کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جہاں صارفین شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کررہے ہیں۔

Source: Dawn

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button