پاکستانی خبریں

 جنرل باجوہ وقت پر ریٹائرڈ ہو جائیں گے، فوج کا سیاست میں حصہ نہ لینا حتمی ہے

خلیج اردو

اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ وقت پر ملازمت سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔۔نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئندہ 5 ہفتوں بعد ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کردیا۔ بتایا کہ فوج سیاست میں کوئی کردار ادا نہیں کرے گی۔

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 24 ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے شرکاء کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اپنے عہدہ کی مدت مکمل ہونے پر سبکدوش ہورہا ہوں مدت ملازمت میں مزید توسیع لینے کا ارادہ نہیں، نیا آرمی چیف کون ہو گا اس حوالے سے بھی تفصیلات جلد سامنے آ جائیں گی۔

 

جنرل باجوہ نے واضح کیا کہ فوج نے سیاست میں حصہ نہ لینے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔ اس کا تعلق کسی آرمی چیف یا کسی عہدیدار سے نہیں بلکہ یہ بطور ادارہ فوج کا کیا گیا فیصلہ ہے۔

 

چند ہفتے پہلے دورہ امریکہ کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں غیر رسمی گفتگو کے دوران بھی  مدت ملازمت پوری ہونے پر سبکدوش ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق عمل کریں گے اور مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button