پاکستانی خبریں

کسی ملک، کسی گروہ یا تنظیم کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کو معاشی اور سیاسی لحاظ سے غیر مستحکم کریں، آرمی چیف جنرل باجوہ

خلیج اردو
عاطف خاں خٹک
راولپنڈی: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول، ایبٹ آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں 146ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کیڈٹس سمیت 34ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 65ویں انٹیگریٹڈ کورس 20ویں لیڈی کیڈٹ کورس، 5ویں بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے کیڈٹس پاس آوٹ ہوئے۔

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ، اس عظیم ادارے سے پاس آؤٹ ہونا اعزاز کی بات ہے۔

جنرل باجودہ نے کہا کہ آج میں یہ فخر آپ کے روشن و تابندہ چہروں پر دیکھ سکتا ہوں جیسے کہ یہ چمک میں یہاں بیٹھے آپ کے پیاروں کے چہروں پر بھی دیکھ سکتا ہوں، بے مثال محنت کرنے پر آپ اس کے مستحق ہیں جبکہ اہلخانہ بھی جنہوں نے ٹریننگ کے دوران صبر سے کام لیتے ہوئے آپ کی مسلسل حمایت جاری رکھی۔

ان کاکہنا تھا کہ کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ عظیم اور بہادر فوج کا حصہ بنے ، آپ پیشہ ورانہ طور پر ممتاز اور جنگ کے میدان صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی فوج سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے ہیں جس کی روایتی اور غیر روایتی دونوں ہی میدانوں میں کامیاب مہمات کی ایک طویل فہرست ہے ۔ فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے بہت بڑی قربانیاں دیں ، 42 سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی، تب میں نے نہیں سوچا تھا کہ اس عظیم فوج کی کمانڈ کروں گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہمیشہ بہترین فوجی ہونےکا ثبوت دیں۔ آپ کو مستقبل میں بڑے اور مشکل فیصلے لینا ہوں گے ، ملک کی حفاظت، عزت اور بہتری کے لیے کام کرنا ہو گا ، پاکستان ایک پرامن ملک ہے ، ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے ، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں ، فیک نیوزاور سیاسی چپقلش کا حصہ نہ بنیں ، فیک نیوزاورملک میں جاری سیاسی چپقلش آپ کو اپنے مقصد سے دور نہیں کرےگی ۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ممالک آپس میں لڑنے کے بجائے بھوک، افلاس، جہالت اور موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑیں۔

بطور مہمان خصوصی آرمی چیف نے پریڈ کا معائنہ کیا، ممتاز کیڈٹس کو اعزازات تقسیم کیے۔ اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر محمد داؤد خان کو اعزازی تلوار ،بٹالین سینئر انڈر آفیسر شعیب اکمل کو پریذیڈنٹ گولڈ میڈل اور کمپنی سینئر انڈر آفیسر جگت پوڈل کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل عطا کیا گیا، کمپنی سینئر انڈر آفیسر جگت پوڈل کا تعلق نیپال سے ہے

آئی سی اپی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف کین 34ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کورس انڈر آفیسر مدثر امین ،کمانڈنٹ کین 65ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر حیدر اعجاز ،
20ویں لیڈی کیڈٹ کورس کا حصہ کورس انڈر آفیسر زنیرہ شفقت اور5ویں ٹریننگ بیسک ملٹری کی کورس جونیئر انڈر آفیسر حرا عرفان کو بھی کمانڈنٹ کین سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں 4 خواتین سمیت 20 بین الاقوامی کیڈٹس بھی شامل ہیں۔فلسطین، قطر، سری لنکا، نیپال، عراق کے کیڈٹس پریڈ کا حصہ ہیں جبکہ 20ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی شرکاء 4 خواتین کیڈٹس کا تعلق سری لنکا اور مالدیپ سے ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button