پاکستانی خبریںخلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

وزیر اعظم عمران خان کا بین الاقوامی پروازوں کے لیے فضائی حدود کھولنے کا اعلان

بین الاقوامی پروازوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کل سے جزوی طور پرکھولی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم کا ٹوئیٹ

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کا بین الاقوامی پروازوں کے لیے فضائی حدود کھولنے کا اعلان۔ بین الاقوامی پروازوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کل سے جزوی طور پرکھولی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کل سے پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھولی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے فضائی حدود کھولنے کا فیصلہ خصوصی طور پر بیرونِ ممالک رہنے والے پاکستانیوں کے لیے کیا جا رہا ہے جو اس وبا سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم کا اوورسیزپاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ وطن واپسی پر آپ کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ہماری حکومت آپ کو ہر طرح سے سہولت فراہم کرے گی۔

علاوہ ازیں ایمرٹس ایئرلائن نے بھی پاکستان میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے فیصلے کے بعد ایک اور پاکستان شہر کے لیے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایمرٹس ائیرلائن کی جانب سے اس وقت پاکستان کے 3 شہروں لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے لیے پروازیں چلائی جا رہی ہیں، جبکہ اب دبئی سے سیالکوٹ کے لیے بھی پروازیں چلائی جائیں گی۔

ایمرٹس ائیرلائن نے مزید 10 شہروں کے لیے پروازیں شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ پاکستانی شہر سیالکوٹ بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ ایمرٹس ائیرلائن 20 جون سے کولمبو، 24 جون سے سیالکوٹ، 25 جون سے استنبول جبکہ یکم جولائی سے آکلینڈ، بیروت، برسلز، ہنوئی اور ہوچی من سٹی اور 15 جولائی سے بارسلونا، برسلز اور واشنگٹن کے لیے پروازیں چلائے گی۔ ایمرٹس ائیرلائن حکام کا کہنا ہے کہ سری لنکا، پاکستان اور ویتنام سے پروازیں دبئی کے لیے ہوں گی اور دبئی سے امارات کے مختلف ہوائی اڈوں کے لیے چلائی جائیں گی۔

اس اضافے کے بعد ایمرٹس ایئرلائن کی پروازیں 40 شہروں کے لیے سفر کی سہولت مہیا کرنے لگیں گی۔ ان پروازوں سے وطن واپسی اور مختلف مقاصد کے لیے سفر کے خواہشمند مسافر فائدہ اٹھا سکیں گے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ ایمرٹس ایئرلائن اور پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث مارچ کے ماہ میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بند کر دیا تھا۔ تاہم اب جہاں ایمرٹس ایئرلائن نے اپنا فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کیا ہے، وہیں پاکستان نے بھی بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔

Source : UP

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button