متحدہ عرب امارات

دُبئی مال میں والد کے سامنے ہی بچے سے غلط حرکات کرنے والا بھارتی شہری پکڑا گیا

دُبئی میں ایک بھارتی شہری کی جانب سے جنسی ہراسگی کا ناقابل یقین واقعہ پیش آیا ہے۔ اس شخص نے دُبئی کے مشہور شاپنگ سنٹر ”دُبئی مال“ میں ایک بچے کو اس کے والد کی موجودگی میں ہی جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا اور فرار ہونے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا۔ عدالت کی جانب سے 34 سالہ بھارتی شہری کو جنسی ہراسگی کے الزام میں قصوروار ٹھہرا کر 3 ماہ قید اور ڈی پورٹ کرنے کی سزا سُنا دی ہے۔

مقامی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ واقعہ گزشتہ سال دُبئی مال کے سیکنڈ فلور پر پیش آیا۔ جب بھارتی ملزم نے ایک فلپائنی شخص کے بیٹے کو گود میں اُٹھا کر اس سے گندی حرکات کیں تاہم بچے کے والد اور اس کے دوست کی جانب سے شور مچانے پر بھاگ کھڑا ہوا، مگر سیکیورٹی گارڈز نے اسے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔

4 سالہ بچے کے 35 سالہ والد نے بتایا کہ وہ رات پونے آٹھ بجے کے قریب اپنے ایک دوست کے ساتھ دُبئی مال کے سیکنڈ فلور کے انٹری گیٹ پر بات چیت میں مصروف تھا۔ اسی دوران ایک نامعلوم بھارتی شہری پاس آیا اور کہنے لگا کہ تمہارا بچہ بہت پیارا ہے۔ ساتھ ہی اس نے بچے کو اس سے لے لیا اور بچے کے دو تین بوسے لینے کے بعد اس کی نیکر اُتار دی۔ اس واقعے سے بچہ انتہائی خوفزدہ ہو گیا اور وہ بھی اس گندی حرکت پر پریشان ہو گیا۔

مگر بھارتی ملزم اپنی اس شرمناک حرکات پر شرمندہ ہونے کی بجائے ڈھٹائی سے ہنستا رہا اور پھر اچانک وہاں سے بھاگ نکلا۔ میں اور میرے دوست نے شور مچا کر سیکیورٹی گارڈز کو خبردار کیا تو انہوں نے اس کا تعاقب کر کے پکڑ لیا۔پولیس نے دُبئی مال پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تاہم ملزم نے جنسی ہراسگی کے الزام کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ شاپنگ مال میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیج سے ملزم کے بچے سے بے ہودہ سلوک کی تصدیق ہو گئی۔عدالت نے بھارتی شہری کو قید اور ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button