متحدہ عرب امارات

دبئی آر ٹی اے کی 2027 تک اپنی تمام ٹیکسیاں الیکٹرک کاروں میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی

 

خلیج اردو آن لائن:

دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس وقت اس کی ٹیکسیوں میں سے 50 فیصد الیکٹرک یا ہائبرڈ ہیں۔ اور آر ٹی اے اب تمام ٹیکسیوں کو ماحول دوست یعنی الیکٹرک کاروں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

آر ٹی اے ڈائریکٹر جنرل اور بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے چیئرمین مطر محمد الطائر کا کہنا تھا کہ 2020 میں دبئی الیکٹرک یا ہائبرڈ ٹیکسیوں اور لیموزین گاڑیوں کی تعداد 4 ہزار 683 ہوگئی تھی۔ پیر کے روز جاری کیے گئے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ دبئی ٹیکسی کارپوریشن کے پاس 4 ہزار 510 ہائبرڈ ٹٰیکسیاں ہیں جبکہ 173 ہائبرڈ یا الیکٹرک لیموزین گاڑیاں ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ "آر ٹی اے 2434 ہائبرڈ گاڑیاں، 170 الیکڑک گاڑیاں اور 3 الیکٹر لیموزین دبئی ٹیکسی کے بیڑے میں شامل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ جبکہ فرنچائز کمپنیوں کی جانب سے آپریٹ کی جانے والی ہائبرڈ ٹٰیکسیوں کی تعداد 2076 ہے۔ جبکہ 6 سالہ منصوبہ 50 فیصد الیکٹرک ٹیکسیوں کو 2025 تک 80 فیصد تک پہنچانے کا خواہاں ہے اور 2027 تک 100 فیصد ٹیکسیاں الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیوں میں تبدیل کر دی جائیں گی”َ

یاد رہے کہ اس پورے خطے میں آر ٹی اے وہ پہلا ادارہ ہے جس نے پیٹرو اور بجلی پر چلنے والی ہائبرڈ گاڑیوں کا تجربہ کیا ہے۔ اور نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ ان گاڑیوں نے 5 لاکھ 50 ہزار کلومیٹر کا سفر بغیر کسی بڑی خرابی کے پورا کیا ہے۔

جس کے نتیجے میں 2017 میں پیٹرول کی کھپت میں 34 فیصد اور زہریلی گیسوں کے اخراج میں بھی 34 فیصد کمی ہوئی۔

Source: Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button