متحدہ عرب امارات

ایمرٹس ائیرلائن نے 13 ممالک سے دبئی کیلئے مسافر پروازیں بند کر دیں

پابندی کے شکار تمام ممالک کا تعلق براعظم افریقہ سے ہے، پابندی کے شکار کچھ ممالک کیلئے دبئی سے پروازوں پر مکمل پابندی عائد نہیں کی گئی

ایمرٹس ائیرلائن نے 13 ممالک سے دبئی کیلئے مسافر پروازیں بند کر دیں۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ائیرلائن ایمرٹس نے 13 افریقی ممالک سے دبئی کیلئے مسافر پروازیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ پابندی کے شکار کچھ ممالک کیلئے دبئی سے پروازوں پر مکمل پابندی عائد نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق انگولا، کینیا، گنی، تنزانہ، یوگنڈا، گھانا، اتھوپیا سے ایمرٹس کی دبئی کیلئے مسافر پروازیں تو بند کر دی گئی ہیں، تاہم دبئی سے ان ممالک کیلئے پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ جبکہ لوساکا، ہرارے، لاگوس، ابوجا ، کاسابلانکا اور دیگر مقامات سے ایمرٹس نے اپنی ہر طرح کی پروازیں معطل کر دیں۔ مذکورہ مقامات سے ایمرٹس کی نہ کوئی پرواز دبئی آئے گی، نہ ہی دبئی سے کوئی پرواز ان مقامات کیلئے جائے گی۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسز 10 ماہ کی بلند ترین سطح کو پہنچ گئے۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بدھ کے روز 2,708 نئے کوویڈ 19 کیسز ریکارڈ کیے گئے ، جس سے ملک میں انفیکشن کا شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 74 ہزار897 ہوگئی جب کہ اس دوران مزید 743 افراد نے وائرس پر قابو پالیا ، یوں ملک میں عالمی وباء سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 49 ہزار 254 ہوچکی ہے، خوش قسمتی سے گزشتہ 24 گھنٹوں کی رپورٹنگ مدت کے دوران کورونا سے کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی تاہم اب تک مجموعی طور پر 2,170 افراد وباء کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ملک میں کیے گئے 4 لاکھ 69 ہزار 028 پی سی آر ٹیسٹوں کے نتیجے میں تازہ ترین روزانہ کورونا کیسز کا پتہ چلا جب کہ مجموعی طور پر اب تک ملک میں 113 ملین سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ، وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کی کوشش میں حالیہ ہفتوں میں اسکریننگ کے عمل کو بھی تیز کیا گیا ہے تاہم حال ہی میں 6 دسمبر تک 50 سے نیچے گرنے کے بعد حالیہ ہفتوں میں انفیکشن کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور امارات میں تقریباً 10ماہ کے بعد اب تازہ ترین روزانہ کیس لوڈ سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، 6 مارچ 2021ء کو ملک میں 2,959 انفیکشن کی تصدیق ہوئی تھی کیوں کہ انتہائی متعدی اومی کرون کی مختلف قسم کے ظہور نے دنیا بھر میں انفیکشن میں اضافہ کردیا ہے ، جس کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں بھی 29 دسمبر سے روزانہ کیسز 2000 سے زیادہ ہیں جب کہ ملک میں اس وقت 23,000 سے زیادہ ایکٹو کیسز ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button