متحدہ عرب امارات

پاکستان میں رجیم تبدیلی کی کوشش کامیاب: عمران خان وزیر اعظم نہیں رہے

خلیج اردو
اسلام آباد : پاکستان میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی ہے اور عمران خان اب وزیر اعظم نہیں رہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد نے اپنی اکثریت ثابت کردی۔

قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پر رائے شماری کے دوران 174 اراکین اسمبلی نے تحریک کے حق میں ووٹ دیا۔ ایوان میں کل اراکین کی تعداد 342 ہے۔

عمران خان اب وزیر اعظم نہیں رہیں گے اور ایوان زیریں اپنے لیے نئے قائد ایوان کا انتخاب کرے گا۔

حزب اختلاف کی جماعتوں نے ملکر فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایوان میں عددی اکثریت میں موجود مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو وزیر اعظم بنائیں گے۔

مسٹر خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے خلاف امریکہ نے سازش کی ہے اور اپوزیشن جماعتوں کی مدد سے انہیں حکومت سے ہٹا دیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے بیانیہ بنایا کہ امریکہ کے احکامات نہ ماننے پر انہیں ہٹایا گیا اور ایک مراسلے میں دھمکی دی گئی۔

عمران خان نے جمعہ کو اپنے حامیوں سے اتوار کے روز کو ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مخالفین پر امریکہ کے ساتھ گٹھ جوڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے 24 فروری کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ کریملن میں ہونے والی ملاقات کی مخالفت کی جب روسی ٹینک یوکرین میں داخل ہوئے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button