متحدہ عرب امارات

امارت میں درجنوں افراد سے کئی لاکھ درہم لوٹنے والی پاکستانی خاتون ساتھیوں سمیت گرفتار

امارات کی ریاست عجمان میں ایک پاکستانی خاتون کو دوہم وطن مرد ساتھیوں سمیت فون کے ذریعے لوگوں سے فراڈ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان فون کالز کے ذریعے لوگوں سے فراڈ کر کے ان کے بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوا لیا کرتے تھے۔ گینگ کی جانب سے مختلف لوگوں کے بینک اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر 28 لاکھ درہم کی رقوم نکلوائی گئی ہیں۔

عجمان پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ لیفٹیننٹ کرنل احمد سعید النعیمی نے بتایا کہ ایک ایشیائی خاتون کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی تھی کہ کسی نے اسے فون کر کے کہا تھا کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اپ ڈیٹ کر لے۔ اس پراسس کے بعد اس کے اکاؤنٹ میں پڑی10 ہزار درہم کی رقم غائب ہو گئی۔
اس شکایت کے بعد عجمان پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور فراڈ میں ملوث پاکستانی خاتون اور اس کے دونوں ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان کی گرفتاری عجمان کے علاقے النعیمیہ کے ایک رہائشی ٹاور سے کی گئی۔ ملزمان کے ٹھکانے پر چھاپے کے دوران پولیس نے 21 موبائل فونز، ٹیبلٹس، لیپ ٹاپس کے علاوہ بینک کارڈز، نقد رقم اور زیورات بھی برآمد کر لیے۔ یہ تمام سامان فراڈ سے حاصل کی گئی رقم سے خریدا گیا تھا۔ پاکستانی گینگ کے تینوں افراد نے پولیس تفتیش میں اعتراف کیا کہ وہ فون کے ذریعے لوگوں کو بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اپ ڈیٹ کرانے کے نام پراب تک 28 لاکھ درہم کی رقم ہتھیا چکے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے عدالتی کارروائی کے لیے انہیں سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button