متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں نافذ کرفیو ختم

متحدہ عرب امارات میں نافذ کرفیو ختم، ابوظہبی میں داخلے پر پابندی برقرار

نیشنل اسٹریلائسیشن پروگرام کی تکمیل کے بعد ابوظہبی کے رہائشی اب امارات میں آزادانہ طور پر نقل مکانی کر سکتے ہیں، تاہم ابوظہبی میں داخلے پر پابندی برقرار رہے گی

 

متحدہ عرب امارات میں نافذ کرفیو اٹھا لیے جانے کے بعد بھی ابو ظہبی میں داخلے پر پابندی برقرار۔ نیشنل اسٹریلائسیشن پروگرام کی تکمیل کے بعد ابوظہبی کے رہائشی اب امارات میں آزادانہ طور پر نقل مکانی کر سکتے ہیں، تاہم ابوظہبی میں داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری کرفیو کو ہٹائے جانے کے اعلان کے بعد ایک اور خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق حکام کی جانب سے ابوظہبی میں داخلے پر پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ابوظہبی میڈیا آفس کی جانب سے کیے گئے ایک ٹوئیٹ کے مطابق ابوظہبی کے شہری اب متحدہ عرب امارات کی باقی ریاستوں میں آزادانہ طور پر گھوم پھر سکتے ہیں تاہم ابوظہبی میں داخلے پر عائد پابندی ابھی بھی برقرار رہے گی۔

آگاہ کیا گیا ہے کہ ابوظہبی سے باہر جانے کے لیے کسی قسم کے اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم اندر صرف وہی لوگ آ سکیں گے جو ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔

واضح رہے کہ اماراتی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مملکت میں نافذ کیے گئے کرفیو کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں نافذ کرفیو فوری اٹھا لیا گیا ہے جس کے بعد مملکت کے شہریوں پر عائد نقل و حرکت کی پابندیاں اب ختم ہو گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہری اب دن کے کسی بھی وقت، کسی بھی علاقے کا سفر کر سکتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں مارچ کے ماہ سے جاری نیشنل ڈس انفیکشن مہم بھی اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ تاہم پبلک عمارتوں کو ڈس انفیکٹ کیے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث 26 مارچ کو ڈس انفیکشن مہم کے آغاز کے بعد کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ ابتداء میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک لوگوں کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔

بعد ازاں 31 مارچ کو مملکت بھر میں نقل و حرکت، کاروباری اور دیگر سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔ 23 اپریل کو ان پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے مالز اور ریسٹورنٹس کو محدود پیمانے پر کھولنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ رات کے کرفیو کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق ان سخت پابندیوں کی وجہ سے ہی متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کنٹرول میں آیا، اور اب امارات میں رپورٹ ہونے والے کل 46 ہزار سے زائد کیسز میں سے 34 ہزار سے زائد متاثرہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 

Source : Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button