عالمی خبریں

میکسیکو:ٹرک حادثے میں 53 افراد جاں بحق،درجنوں زخمی

خلیج اردو 10 دسمبر 2021
ابوظہبی: اطلاعات کے مطابق وسطی امریکی تارکین وطن سے بھرا مال بردار ٹرک جنوبی میکسیکو کے ایک ہائی وے پر پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے پل سے ٹکرا گیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں 53 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

فیڈرل اٹارنی جنرل آفس کے مطابق حادثے میں 21 افراد کو شدید چوٹیں آئیں جن کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔حادثہ ریاست چیاپس کے دارالحکومت کی جانب جانے والی ہائی وے پر پیش آیا۔

حادثہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے تارکین وطن افراد کی شہریت کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہوسکا۔حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے چند افراد نے بتایا کہ ان کا تعلق گوئٹے مالا سے ہے۔زخمیوں کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔گوئٹے مالا کے صدر نے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد اور انکے اہلخانہ کی معاونت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ٹرک میں 107 تارکین وطن سوار تھے جن میں سے چند حادثے کے بعد  پکڑے جانے کے ڈر سے زخمی حالت میں وہاں سے فرار ہوئے۔میکسیکو کے امیگریشن ادارے نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

زخمیوں کے مطابق غیر قانونی طور پر امریکہ بھجوانے کے لئے ان سے پچیس سو سے ساڑھے تین ہزار ڈالر لئے گئے۔میکسیکو کی جانب سے امریکی بارڈر پر غیر قانونی تارکین وطن کے داخلے کو روکنے کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود انسانی اسمگلنگ کو روکا نہیں جاسکا۔

SOURCE: KHALEEJ TIMES

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button