خلیجی خبریں

بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے پر ہزاروں ریال جرمانہ عائد

خلیج اردو: عمان کے دارالحکومت مسقط میں بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے، خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ اور قید دونوں ہوسکتی ہے۔

مسقط میونسپلٹی نے شہر کے رہائشیوں کو ایک وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہائشی عمارتوں کی بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے والوں کو 50 سے لے کر 5 ہزار عمانی ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

قانون کو نظر انداز کرنے والوں کو 6 ماہ قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

بدھ کو جاری ہونے والے نوٹیکفیشن کے مطابق میونسپلٹی نے رہائشیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ہرصورت لوکل آرڈر نمبر 92/23 کے آرٹیکل (32) کی پابندی کریں، جو گورنریٹ میں عمارتوں کو بہتر کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

میونسپلٹی نے اس بات پر زور دیا کہ میونسپل قوانین بالکونیوں میں کپڑے دھونے کو ڈھانپنے والے عناصر کی تنصیب کے بغیر لٹکانے سے منع کرتے ہیں، کپڑوں کو دو عناصر میں سے کسی ایک سے ڈھانپنا ضروری ہے۔

مشرابیہ یا لکڑی کا جال جس میں سوراخ 1.50 سینٹی میٹر سے زیادہ نہ ہو، یا کنکریٹ کا کھلا کام جس میں سوراخ 7 سینٹی میٹر سے زیادہ نہ ہو اور کم از کم 10 سینٹی میٹر کی گہرائی ہو۔

میونسپلٹی حکام کا کہنا تھا کہ کسی بھی رہائشی عمارت کو 3 سے زیادہ یونٹوں کے لیے ہر یونٹ کے لیے ایک بالکونی فراہم کرنی چاہیئے، جو یونٹ کے تعمیراتی حالات پر منحصر ہے، اور ان بالکونیوں کو ڈھانپنے کے لیے منظور شدہ مٹیریل سے ڈھانپنا ضروری ہے۔

مسقط میونسپلٹی کے قانون کے آرٹیکل نمبر 14 کے تحت ان ضوابط کی خلاف ورزی کے نتیجے میں جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

قانون میں واضح لکھا گیا ہے کہ اپنی بالکونیوں پر لانڈری لٹکانے والے رہائشیوں کو 50 ریال سے لے کر 5 ہزار ریال تک جرمانہ یا 24 گھنٹے سے کم اور 6 ماہ سے زیادہ کی قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

میونسپلٹی نے اس بات پر زور دیا کہ مسقط کے جمالیاتی پہلو کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button