خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

فلپائن اور دُبئی کے درمیان فلائٹ آپریشنز مزید ایک ماہ معطل رکھنے کا اعلان ہو گیا

خلیج اردو: فلپائن ایئر لائنز (PAL) اور کیبو پیسیفک کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ فلپائن سے دُبئی جانے والی پروازیں مزید ایک ماہ معطل رکھیں جائیں گی۔ یہ پروازیں 31 اگست تک بند رہیں گی۔ فلپائنی حکومت کی جانب سے 10 ممالک کے لیے پروازوں پر پابندی کی مُدت میں توسیع کے بعد فضائی آپریشنز 15اگست تک بند رکھنے کا اعلا ن کر دیا ہے جن میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے۔ پابندی میں حالیہ توسیع کووڈ کے ڈیلٹا ویریئنٹ کو قابو میں رکھنے کی خاطر کی گئی ہے۔

کیبو پیسیفک کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے ”کیبو پیسیفک نے یکم اگست سے 31 اگست تک دُبئی جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں ۔ جن مسافروں کو پروازوں کی منسوخی سے زحمت ہوئی ہے، ان سے معذرت خواہ ہیں۔“ جبکہ PAL کے امارات سے متعلق ترجمان کا کہنا ہے ”ہمیں یہ معلوم ہو رہا ہے کہ فلپائنی حکومت کی جانب سے فلائٹ آپریشنز کی معطلی کی مُدت میں اگست کے اختتام تک توسیع کی جا سکتی ہے، کیونکہ 20 اگست تک منیلا میں چھوٹے پیمانے پر لاک ڈاؤن جاری ہے۔اسی وجہ سے مسافروں کو عین وقت پر پریشانی سے بچانے کے لیے پہلے ہی فلائٹس منسوخ کی جا رہی ہیں۔“

PAL کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشنز کی معطلی کے دوران بھی امارات میں موجود فلپائنی شہریوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلائی جاسکتی ہیں جو حکومتی اجازت سے مشروط ہوں گی۔ تاہم امارات سے واپس آنے کے لیے ہوٹل قرنطینہ کی شرط کو کنفرم کرنا باقی ہے ۔ کیونکہ حکومتی شرائط کے مطابق پابندی والے ممالک سے آنے والے مسافروں کو 15 روز کا ہوٹل قرنطینہ کرنا ہو گا اور غیر پابندی شدہ ممالک سے آنے والوں کو 10 روز کے لیے ہوٹل میں قرنطینہ اختیار کرنا ہوگا ۔ مگر اس حوالے سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ منیلا میں قرنطینہ کے لیے ہوٹلز دستیاب نہیں ہیں۔“ واضح رہے کہ امارات سے فلپائنی باشندوں کوواپس لانے کے لیے ہفتہ میں تین پروازیں چلائی جانی تھیں، مگر منیلا میں ہوٹل قرنطینہ سے متعلق سہولیات کی کمی کی وجہ سے 4 اگست اور 7 اگست کی پروازیں پہلے ہی منسوخ کی جا چکی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button