خلیجی خبریں

عازمین حج آج طواف کرنے کے لئے مسجد الحرام پہنچ گئے

خلیج اردو: سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے ہزاروں عازمین کے ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد حج کے مناسک کا آغاز ہوگیا جس کے بعد آج عازمین منیٰ پہنچ رہے ہیں۔

صرف 60 ہزار مکمل ویکسینیٹڈ شہریوں اور رہائشیوں کو حج کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ہر برس تقریباً 30 لاکھ تک مسلمان دنیا بھر سے اس فرض کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچتے تھے۔

مکہ پہنچنے کے بعد عازمین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا جس کے بعد منی کی جانب روانہ ہونا شروع ہوئے جہاں وہ آج کی رات قیام کریں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی نائب وزیر حج نے بتایا کہ اب تک 46 ہزار عازمین منی پہنچ چکے ہیں۔

رواں برس حج کی ادائیگی کے لیے 60 ہزار عازمین کو آن لائن جانچ پڑتال کے ذریعے 5 لاکھ 58 ہزار سے زائد درخواستوں میں سے منتخب کیا گیا ہے جس میں 18 سے 65 برس کے مکمل ویکسینیٹڈ اور صحتمند افراد شامل ہیں۔

العربیہ انگلش کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام سے عازمین کو منیٰ پہنچانے کے لیے 200 بسز کا انتظام کیا گیا ہے جو ہر 3 گھنٹوں میں 2 ہزار افراد کو منیٰ پہنچا سکتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button