خلیجی خبریں

سعودی عرب کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے تاریخی اقدامات کا اعلان

خلیج اردو

سہیل اقبال بھٹی

ریاض: سعودی عرب نے پیر کو پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے قومی عطیات مہم کا آغازکیا ہے۔ یہ مہم ’ساھم‘ پلیٹ فارم کے ذریعے چلائی جارہی ہے۔  شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات  کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہاکہ ’عطیات مہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس کی نگرانی کررہے ہیں‘۔

ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے پیر کو بیان میں کہا کہ’ برادر ملک پاکستان بدترین قدرتی المیے سے گزر رہا ہے۔ کئی عشروں سے اس کی مثال نہیں ملتی۔ سیلاب ملک کے ایک تہائی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’متاثرین کی تعداد  33 ملین سے زیادہ ہوچکی ہے۔ 1300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے جبکہ 13 ہزار سے زیادہ بیمار ہیں۔ ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ دس لاکھ مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سڑکیں، پل اور تجارتی مراکز سیلاب اور طوفانی بارش سے متاثر ہیں۔

ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ’ پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عطیات مہم کا فیصلہ پاکستان اور سعودی عرب اور دونوں ملکوں کے برادر عوام کے گہرے برادرانہ تعلقات کا عکس ہے۔ ڈاکٹر الربیعہ نے اہل خیر سے اپیل کی کہ’ وہ ساھم پلیٹ فارم اور ساھم ایپ کے ذریعے بڑھ چڑھ کرمدد کریں۔ ایپ کی ویب سائٹ یا سعودی بینکوں میں مرکز کے اکاؤنٹس میں بھی عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’شاہ سلمان مرکز بیرونی دنیا کے لیے عطیات جمع کرنے والا واحد بااختیار سعودی ادارہ ہے۔ تمام اہل خیر ’ساھم‘ پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی عوام کی مدد کے لیے آگے آئیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ’ عطیات مہم، پاکستان میں سیلاب کا المیہ شروع ہونے کے بعد سے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے جاری مشن کا حصہ ہے‘۔

 ڈاکٹر الربیعہ نے اطمینان دلایا کہ ’امداد مستحق افراد تک پہنچانے کا انتظام ہے۔ امداد کی ترسیل اور تقسیم کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے‘۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button