پاکستانی خبریںعالمی خبریں

پاکستان کی مرکزی حکومت کا چاند نظر نہ آنے اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت نے سرکاری عید کا اعلان کر دیا

خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عید ایک ساتھ نہیں منائی جا سکی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے یکم مئی کو اپنے اجلاس میں چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یکم شوال بروز منگل عید منائی جائے گی۔

چیئرمین مرکز رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے سرکاری سطح پر اعلان کیا کہ ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اسی لیے عید تین مئی کو ہوگی۔

تاہم اپنی رویت کو برقرار رکھتے ہوئے پشاور میں موجود قاسم علی خان مسجد کے منتظم مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے پیر کے روز عیدالفطر کا اعلان کیا جس کے بعد وزیر اعلی محمود خان نے سرکاری سطح پر عیدالفطر کا اعلان کیا ہے۔

مسجد قاسم علی خان میں چاند دیکھنے کی شہادتوں کے بعد جہاں اس کا اعلان ذرائع ابلاغ پر کیا گیا وہاں مفتی پوپلزئی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے اس کی تصدیق بھی کی۔

اس اعلان کے بعد ملک میں تین عیدیں منانے کی رویت برقرار رہی ۔ پہلی عید یکم مئی بروز اتوار شمالی وزیرستان کے علاقے حیدر خیل میں منائی گئی۔

جب خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ عید دو مئی کو منائی جارہی ہے تو صوبہ خیبرپختونخوا ہی کے ہندکو بیلٹ سے تعلق رکھنے والے اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے اعلان کیا کہ مانسہرہ اور ملحقہ اضلاع میں عید تین مئی کو ہوگی۔

سوشل میڈیا پر خیبرپختونخواہ کے شہریوں میں بے یقینی کی صورت حال دیکھنے میں آئی۔ سرکاری سطح پر اعلان کے باوجود ایسے علاقے موجود ہیں جن میں آج عید نہیں ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button