پاکستانی خبریںعالمی خبریں

پی ایس ایل 7 فائنل میں ملتان سلطانز کو شکست، لاہور قلندرز پہلی بار چیمپئن بن گئے

خلیج اردو
لاہور : پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل 7 میں ایونٹ کی فیورٹ اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو شکست دے کر لاہور قلندرز نے میدان مار لیا اور پہلی بار چیمپئن بن گئے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر پہلی بات پی ایس ایل کے چیمپئن کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔پی ایس ایل میں ہر بار میچ ہار کر دل جیتنے والی لاہور قلندرز نے اس بار شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ٹرافی بھی جیت لی۔

لاہور قلندرز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پی ایس ایل میں 11 میں 10 میچز جیتنے والی ملتان سلطانز 138 رنز ہی بناسکی اور پوری ٹیم آوٹ ہوکر پویلین پہنچی۔ قلندرز کی طرف سے 69 رنز کی ذمے دارانہ باری کھیلنے والے محمد حفیظ نے عمدہ بولنگ کرائی جبکہ محمد رضوان اور امیر عظمت کی وکٹ لے کر میچ پر قلندرز کی گرفت مضبوط کردی۔
سلطانز کی طرف سے خوشدل شاہ 32، ٹم ڈیوڈ 27، شان مسعود 19، رئیلی روسو 15، محمد رضوان 14 اور عمران طاہر 10 رنز بناکر پویلین لوٹے۔شاہین شاہ آفریدی نے فائنل میں 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور اس طرح وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ 20وکٹ لینے والے بولر بھی بن گئے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان اور محمد حفیظ نے 2،2 جبکہ ڈیوڈ ویسے اور حارث روف نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

ایونٹ کے فائنل میچ کے آغاز سے ہی لاہور قلندرز دباؤ کا شکار نظر آئی، تاہم محمد حفیظ کی نصف سنچری، ہیری بروک اور ڈیوڈ ویسا کی برق رفتار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 180 رنز بنائے۔ پی ایس ایل 7 کے 13 میچز کے دوران 588 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکور فخرزمان 12 کے مجموعے پر صرف 3 رنز بناکر آصف آفریدی کا شکار بنے۔

لاہور قلندرز کی دوسری وکٹ23 کے اسکور پر اس وقت گرگئی جب ذیشان اشرف کو 7 کے انفرادی اسکور پر ڈیوڈ ویلی نے محمد رضوان کی مدد سے قابو کرلیا۔ ملتان سلطانز کو آصف آفریدی نے تیسری کامیابی عبداللہ شفیق کی صورت میں دلوادی ، جو 14رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ پر کامران غلام اور محمد حفیظ نے 54 رنز کی شراکت بنائی، 15 کے انفرادی اسکور پر کامران غلام لمبی شارٹ کھیلنے کے چکر میں بانڈری لائن پر کیچ ہوئے۔
اُن کی وکٹ آصف آفریدی کے حصے میں آئے جس کے بعد ملتان سلطانز کے اسپنر نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

پانچویں وکٹ پر محمد حفیظ نے ہیری بروک کے ساتھ 58 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران اپنی نصف سنچری بھی بنائی اور وہ 69 رنز کی باری کھیل کر شاہنواز ڈہانی کا شکار بن گئے۔ لاہور کے لیے مشکل وقت محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کی ،46گیندوں کا سامنا کیا ،9 چوکے اور 1 چھکا بھی لگایا اور پی ایس ایل سیزن میں پہلی نصف سنچری بنائی۔

چھٹی وکٹ پر ہیری بروک اور ڈیوڈ ویسے نے آخری 16 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، بروک 22 گیندوں پر 41 اور ویسے نے 8 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ سلطانز کی طرف سے آصف آفریدی نے 3، ڈیوڈ ویلی اور شاہنواز ڈھانی نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔ پی ایس ایل 7 میں شاہنوا دھانی ملتان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن گئے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے فائنل کیلئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان میدان میں اترے۔ ملتان سلطانز محمد رضوان کی قیادت میں پی ایس ایل 7 میں 11 میچز کھیلے ہیں اور 10 میں اسے کامیابی ملی جبکہ ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 

شائقین کرکٹ نے لاہور قلندرز کو تاریخی جیت پر مبارک باد پیش کی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button