پاکستانی خبریںعالمی خبریں

کراچی دہشتگرد حملہ : اقوام متحدہ نے دیگر ممالک کو پاکستان اور چین کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کردی

خلیج اردو
اسلام آباد : اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل نے کراچی میں دہشتگرد حملے پر مذمتی اعلامیہ جاری کیا ہے۔ سلامتی کونسل نے واقعے کو قابل مذمت قرار دے دیا۔

سلامتی کونسل نے ہر قسم کی دہشتگردی کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دے کر ریاستوں کو انسداد دہشتگردی کی موئثر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

مذمتی اعلامیہ میں کہا ہے کہ گھناؤنا، بزدلانہ دہشتگرد حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد حملے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 شہری ہلاک، متعدد زخمی ہوئے۔ بلوچ لبریشن آرمی کے مجید بریگیڈ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سلامتی کونسل نے متاثرہ خاندانوں، پاکستان اور چین کی حکومتوں سے دلی ہمدردی، تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد، مکمل صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے میں ہر قسم کی دہشتگردی کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرات کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئےدہشتگرد کارروائیوں کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونین کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور تمام ممالک کو پاکستان اور چین کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ فعال تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے۔ تمام ریاستیں اقوام متحدہ چارٹر، بین الاقوامی قانون، انسانی حقوق قوانین کا احترام کریں۔

یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ ہفتے جامعہ کراچی کے باہر ایک خوتین نے خود کو دھماکے سے اڑا کر چینی اور پاکستانی باشندوں کو نشانہ بنایا تھا۔ حملے کے بعد مختلف حلقوں میں اس نوعیت کی دہشتگردی کے آغاز پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب سے واپسی پر دہشتگردی کے خلاف جامعہ ایکشن پلان بنائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button