پاکستانی خبریں

پاکستان اور ایران نے مشترکہ دشمن دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کر لیا

خلیج اردو
13 اکتوبر 2021
عاطف خان خٹک
راولپنڈی : ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے پاکستان کے ملٹری ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو اور جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے آرمی چیف اور جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے ملاقاتیں کیں ہیں۔

ملاقاتوں میں پاکستان کی عسکری قیادت نے خطے کے امن و استحکام کیلئے دونوں ممالک کے مابین قریبی تعلقات کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

اس سے قبل جی ایچ کیو پہنچنے پر مہمان جنرل کو فوجی دستے نے سلامی پیش کی جبکہ انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

پاکستان میں میڈیا رپورٹس نے افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کا حوالہ دے کر بتایا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی سلامتی، سرحدی انتظام سمیت مخفلت امور پر بات چیت کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے ، علاقائی امن کیلئے مل کر کام کرنے اور دہشتگردی جیسے مشترکہ دشمن کے خلاف مشترکہ ردعمل پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ممالک ہیں جبکہ ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک، ایران فوجی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران انسداد دہشتگردی اور تربیتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

معزز مہمان نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین فوجی روابط، تعلقات میں وسعت کے عزم کے ساتھ ساتھ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ سرحدیں امن اور دوستی کی سرحدیں ہونی چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم نے کہا کہ پاکستان اور ایران قریبی فوجی، سٹریٹیجک تعاون کیلئے پرعزم ہیں۔

ایرانی وفد نے پاک آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button