پاکستانی خبریں

پاکستان سپر لیگ:لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو باآسانی 29 رنز سے ہرادیا،فخر زمان کو ٹورنامنٹ کا ٹاپ اسکورر بننے پر گرین کیپ مل گئی

خلیج اردو

کراچی:پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کے مقابلے جاری ہیں۔کراچی میں ہونے والے 9ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو تمام شعبوں میں آوٹ کلاس کرتے ہوئے 29 رنز سے شکست دیدی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی نے  لاہور قلندرز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔لاہور قلندرز کے اوپنرز نے بہترین آغاز کیا۔عبداللہ شفیق نے 41 اور فخر زمان نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔اننگز کے اختتامی اوورز میں محمد حفیظ اور راشد خان کی پاور ہٹنگ کے باعث لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

دو سو رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بلے بازی کی شروعات اچھی نہ ہوسکی۔پہلے ہی اوور میں لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پشاور زلمی کے افغانستان سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج  بلے باز حضرت اللہ زازئی کو آوٹ کیا۔پشاور زلمی کے بلے باز لاہور کے باولرز کے سامنے ڈٹ کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔پشاور زلمی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بناسکی۔حیدر علی 49 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان نے تین، شاہین آفریدی اور ڈیوڈ ویسا نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔زمان خان کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ بنانے والے لاہور قلندرز کے فخر زمان کو حنیف محمد گرین کیپ مل گئی۔

پاکستانسپر لیگ میں کل اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔میچ کل رات ساڑے سات بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button