پاکستانی خبریںعالمی خبریں

سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر وزیر اعظم کا سعودی قیادت سے رابطہ،پاکستانی عوام کی جانب سے مبارک باد

خلیج اردو

اسلام آباد: وزیراعظم  شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے عوام کے لیے مبارکباد  پیش کی اور  سعودی عرب کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا

 

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج سعودی عرب  کے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ وزیراعظم نے  سعودی عرب کے 92ویں قومی دن کے موقع پر ولی عہد کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو سیلاب کی صورتحال اور  اس حوالے سے جاری امدادی اور بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین اور شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی جانب سے  سیلاب  متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے لیے ایئر بریج  کے قیام، اور پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عام لوگوں سے عطیات وصول کرنے کے لیے سہیم پورٹل کے آغاز پر شکریہ ادا کیا

 

وزیر اعظم آفس کے مطابق سعودی ولی عہد نے پاکستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانوں اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں  نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے سعودی عرب  کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہا اور ولی عہد کو دونوں برادر ممالک کے درمیان جاری اقدامات کی پیشرفت سے آگاہ کیا جس میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافہ کے ساتھ ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری بھی شامل ہے۔

 

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف نے ملنڈا اینڈ بل گیٹس فاونڈیشن کے شریک سربراہ بل گیٹس سے ملاقات کی ہے۔  اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز روانگی سے قبل بل گیٹس سے ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان میں سیلاب کے بعد مختلف بیماریوں کے سدباب کے حوالے سے لائحہ عمل پر بات ہوئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button