متحدہ عرب امارات

دُبئی میں بھارتی باشندے نے 15 سالہ بچی کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنا ڈالا

بچی سکول سے واپسی پر رہائشی بلڈنگ کی لفٹ میں سوار ہوئی تو ملزم نے اس کے ساتھ انتہائی بے ہودہ حرکات کیں، تین ماہ قید کی سزا ہو گئی

متحدہ عرب امارات کی ریاست دُبئی میں ایک بھارتی شہری کو اس کی سیاہ کرتوت پر گرفتار کر لیا گیاہے۔ 37 سالہ بھارتی شہری پر الزام ہے کہ اس نے ایک کم سن لڑکی کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بناتے ہوئے نازیبا حرکات کیں جس سے بچی ذہنی طور پر شدید تناؤ کا شکار ہو گئی ہے۔ بچی کے والد کی جانب سے اس واقعے کی رپورٹ پولیس کو درج کرائی گئی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مقامی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران بھارتی باشندے پر جنسی ہراسگی کا الزام ثابت ہو گیا تو اسے تین ماہ قید کی سزا سُنائی گئی ہے۔ سزا کی مُدت پوری ہونے کے بعد ملز م کو فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا کہ یہ واقع بُر دُبئی کی ایک رہائشی بلڈنگ میں پیش آیا ہے جہاں پر جنسی ہراسگی کا شکار بچی اپنے والدین کے ساتھ مقیم ہے۔

ملزم نے بچی کے ساتھ اس کی چھوٹی بہنوں کی موجودگی میں جسمانی چھیڑ چھاڑ کی۔ جس سے بچی بہت زیادہ خوف کا شکار ہو گئی ، تاہم اس نے ہمت کرتے ہوئے اپنے والد کو سارے واقعے سے آگاہ کر دیا۔ پندرہ سالہ لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنی دو بہنوں کے ساتھ اسکول سے واپس آ رہی تھی۔ جب وہ اپنی رہائشی بلڈنگ کی لفٹ میں سوار ہوئی اور لفٹ سے نکلنے والی تھی، اس دوران ملزم نے موقع دیکھ کر اس کے ساتھ انتہائی بے ہودہ حرکت کی۔

بچی کے مطابق“میں اپنی دونوں بہنوں کے ساتھ لفٹ سے نکل رہی تھی جب اچانک بھارتی شہری نے میرے جسم کو چھوا۔ میں خوفزدہ ہو کر دوڑ پڑی اور گھر جا کر والد کو یہ واقعہ بتایا۔“والد یہ بات سُن کر طیش میں آ گیا اور پولیس کو اطلاع کردی۔ تاہم ملزم نے گرفتاری کے بعد جنسی ہراسگی کی کرتوت ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہونے پر عدالت نے اسے تین ماہ قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنائی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button