پاکستانی خبریںسپورٹسمتحدہ عرب امارات

ایشیا کپ میں پاکستان کی شاندار جیت، نسیم شاہ کے 2 چھکوں کی گونج، افغانستان اور انڈیا ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے

خلیج اردو

دبئی:  متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں  پاکستان نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ایشیاء کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

 

اس سے قبل ٹاس جیت کر پاکستان نے افغانستان کو کھیلنے کی دعوت دی جہاں افغانستان نے جیتنے کیلئے پاکستان کو 130 رنز کا ہدف دیا جسے پاکستان نے آخری اوور میں نسیم شاہ کے مسلسل 2 چھکوں کی بدولت پورا کیا۔

 

افغانستان کے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی9 وکٹیں 118رنز پر گر گئی تھیں اور پاکستان دباؤ کا شکار بھی ہوا۔ بابر اعظم صفر، فخر زمان 5  اور محمد رضوان 20 رنز پر آؤٹ ہوگئے لیکن افتخار 30 اور شاداب خان 36 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

 

جب پاکستان کو6 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے تو نسیم شاہ نے مسلسل 2 چھکے مار کر پاکستان کو کامیابی دلادی۔پاکستان کی فتح کے بعد سری لنکا بھی سپر فور مرحلے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں پہنچ گیا۔

 

 

افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں6  وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے تھے۔ابراہیم زادران 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ  رحمان اللہ 11 گیندوں پر17، حضرت اللہ زازئی 21 ،کریم جنت 15، نجیب اللہ 10 رنز اور کپتان محمد نبی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔

 

 

اختتامی اوورز میں راشد خان نے 15 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی اور افغانستان  کا اسکور 129 رنز تک پہنچایا۔قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف نے 2، نسیم شاہ،حسنین، شاداب اور محمد نواز نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

قومی ٹیم کی شاندار فتح پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مبارک باد کا پیغام دیا ہے۔ صدر کا کہنا ہے کہ ویلڈن نسیم شاہ۔ سیلاب کی وجہ سے قوم کی پریشانیوں میں تھوڑی کمی کیلئے شاہینوں کا کردار قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افغان کرکٹ ٹیم  میں تھوڑی عرصے میں کافی بہتری آئی ہے۔

 

وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ شاندار انداز میں میچ ختم کرنے پر نسیم شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button