خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سینی گال میں 54کروڑ درہم مالیت کے قومی ایمرجنسی رسپانس منصوبے کے لئے مدد فراہم کریں گے

خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کی فیڈرل ایکسپورٹ کریڈٹ کمپنی، اتحاد کریڈٹ انشورنس (ای سی آئی )اور یو کے ایکسپورٹ فنانس (یو کے ای ایف ) نےسینیگال میں ہنگامی ردعمل کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لیے ایک بڑے مشترکہ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

ریڈ کو پروجیکٹ سینیگال کے قومی ہنگامی رسپانس منصوبے کے تحت سینیگال میں آگ بجھانے والی گاڑیاں، ایئرپورٹ فائر فائٹنگ و ریسکیو گاڑیاں، ایمبولینسز اور طبی گاڑیاں، ریسکیو کشتیاں، واٹر ٹریلرز، کارگو ٹرکوں کے ساتھ کرینیں اور دیگر ہنگامی خدمات فراہم اورایمرجنسی سروسزقائم کی جائیں گی۔

54کروڑ درہم مالیت کے اس منصوبے کے لیے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی طرف سے فنڈ فراہم اور یو کے ای ایف کی جانب سے جزوی براہ راست قرضہ دیا گیا ہے،اس منصوبے کو ای سی آئی کی جانب سے 33کروڑ40لاکھ درہم کی شراکت کے ساتھ ری اینسورشن ارینجمنٹ کے ذریعے ای سی آئی اور یو کے ای ایف کی مدد حاصل ہے۔

اتحاد کریڈٹ انشورنس نے یو کے ای ایف کی شراکت داری سے، سینیگال کی وزارت اقتصادیات، منصوبہ بندی و تعاون کی طرف سے حاصل کردہ قرض کے لیے ضمانت فراہم کی ہے۔ ہنگامی خدمات کا سامان متحدہ عرب امارات کی فائر فائٹنگ مصنوعات اور فائر پروٹیکشن انجینئرنگ کی برآمد کنندہ کمپنی نافکو فراہم کرے گی۔ اس تجارتی مالی معاونت کا مقصد اتحاد کریڈٹ انشورنس کے "آپریشن 300 ارب” کی حکمت عملی کے مطابق میڈ اِن یو اے ای کی مصنوعات اور خدمات کی برآمدات کو فروغ دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے صنعتی شعبے کو ترقی دینا ہے۔

وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت اور ای سی آئی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نائب چیئرمین ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے اس حوالے سے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعلقات دونوں کے مشترکہ وژن پر استوار ہیں۔ دنیا بھر میں پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے متحدہ عرب امارات ایسے قابل ذکر منصوبوں میں شامل ہونے کا خواہاں ہے جو لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو بدل سکتے ہیں۔

برطانیہ کے وزیر برائے برآمدات مائیک فریر نے کہا کہ ان کا ملک فائر سیفٹی آلات کی برآمد میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہ معاہدہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح برطانیہ اور یو اے ای بیرون ملک کمیونٹیز کی بہتر حفاظت کے لیے کردار ادا کرسکتے ہیں اورکس طرح ان مشترکہ حکومتی اقدامات سے کاروباری اداروں کو ان کے بہترین درجے کے آلات اور خدمات برآمد کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اتحاد کریڈٹ انشورنس کے سی ای او سر ماسیمو فالسیونی نے اس حوالے سے کہا کہ برطانوی ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی، یو کے ای ایف کے ساتھ سینیگال میں ہنگامی خدمات کے شعبے میں ہمارا تعاون، دنیا میں پائیدار ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کے اسٹریٹجک وژن اور قائدانہ مشن کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ معاہدہ عالمی سطح پر متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کی موجودگی کو مزید مستحکم اور تجارت و کاروبار کے لیے سب سے سازگار عالمی مرکز کے طور پر اس کی پوزیشن کو مضبوط کرے گا۔ یو کے ایکسپورٹ فنانس کے سی ای او لوئس ٹیلر کا کہنا تھا کہ سینیگال برطانیہ کے برآمد کنندگان کے لیے ایک منفرد مارکیٹ ہے۔

ہم نے دیکھا ہے کہ کس طرح برطانیہ اور سینیگال مل کر کام کر سکتے ہیں تاکہ ہماری مالی اعانت سے یہاں پر پراجیکٹس قائم اوربرطانیہ کی کمپنیوں کے لئے نئے تجارتی راستے کھولے جا سکیں۔ہم متحدہ عرب امارات کی فیڈرل ایکسپورٹ کریڈٹ کمپنی کی اس منصوبے کے لیے مدد کرنے پر شکر گزار ہیں جس سے دونوں ممالک کے برآمد کنندگان کو فائدہ پہنچے گااور تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button