خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات سے دو طیارے امدادی سامان لے کر زلزلے سے متاثرہ شام پہنچ گئے

خلیج اردو: متحدہ عرب امارات سے انسانی امدادی سامان لے کردو طیارے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترگئے ہیں۔یہ سامان شام میں تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد وبحالی کے لیے شروع کیے گئے فضائی آپریشن کے حصے کے طورپر بھیجا گیا ہے۔

یواے ای کےسرکاری خبر رساں ادارے وام بدھ کے روز ملک کی وزارت دفاع کی جوائنٹ آپریشنزکمان کے حوالے سے خبردی ہے کہ دونوں طیاروں کے ذریعے مجموعی طورپر 12 ٹن اشیائے ضروریہ اور 216 بے گھرافراد کے عارضی قیام کے لیے کئی خیمے ابتدائی امدادی پیکج کے تحت بھیجے گئے ہیں۔

یواے ای نے منگل کے روز شام اور ترکیہ کو 10 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔یہ دونوں ممالک میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد اب تک اعلان کردہ بڑی رقوم میں سے ایک ہے۔
خبررساں ادارے وام کے مطابق یہ رقم شام اورترکیہ کے درمیان مساوی طورپرتقسیم کی جائے گی اور دونوں ممالک کو پانچ، پانچ کروڑڈالرملیں گے۔

متحدہ عرب امارات میں شامل امارت دبئی نے اس سے پہلے شام کوایک کروڑ 36 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔یواے ای پیرکی صبح آنے والے 7.8 کی شدت کے زلزلے کے بعدامدادی سامان سے لدے طیارے بھی امدادی ٹیموں کے ساتھ دونوں ممالک میں روانہ کررہا ہے۔

یواے ای کی وزارتِ دفاع میں مشترکہ آپریشنز کے کمانڈرمیجرجنرل صالح العمری نے منگل کو بتایا تھا کہ امدادی سامان سے لدے تین فوجی طیارے ترکیہ روانہ کیے گئے ہیں۔ان کے ساتھ سرچ اور ریسکیو ٹیمیں شامل ہیں اورانھوں نے وہاں پہنچ کرامدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

دنیا بھرکے ممالک نے تباہ کن زلزلے سے ترکیہ اور شام میں ہونے والی تباہی کے بعد انسانی امداد دینے کے وعدے کیے ہیں۔مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی نے شام اور ترکیہ میں زلزلے سے متاثرین کے لیے طبی سامان اور ادویہ سے لدے پانچ طیارے بھیجے ہیں۔

ترکیہ اورشام میں تباہ کن قدرتی آفت کے نتیجے میں اموات کی تعداد11200 سےمتجاوزہوگئی ہے جبکہ امدادی کارکن اب بھی زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں ہیں اور وہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button