متحدہ عرب امارات

مشکلات کبھی بھی ہمیں اپنی منزل حاصل کرنے سے نہیں روک سکی،شیخ محمد

خلیج اردو یکم دسمبر 2021
دبئی: دبئی کے حاکم اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کا کہنا ہے کہ مشکلات اور چیلنجز  متحدہ عرب امارات کے لوگوں کا راستہ نہیں روک سکی۔متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ مشکلات کبھی ہمیں اپنی منزل حاصل کرنے سے روک نہیں سکی۔ہماری سب سے بڑی مشکل اپنے آپ کو چیلنج کرنا تھا۔ہمیں ایک متحد اور ترقی یافتہ ملک قائم کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنا تھا۔

 

شیخ محمد بن راشد نے پوری قوم کو پچاس  ویں قومی دن کی مبارکباد باد پیش کی اور ساتھ ہی تمام کامیابیوں پر اللہ رب العزت کا شکریہ ادا کیا۔شیخ محمد بن راشد نے متحدہ عرب امارات  کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھنے والے اپنے آباء و اجداد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ ہم آج اپنے بانی مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کو بھی یاد کرتے ہیں جن کی قیادت اور دانشمندی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ کہ شیخ زاید بن سلطان النہیان کے بغیر متحدہ عرب امارات کبھی بھی حقیقت نہیں بن پاتا۔

 

 

انہوں نے کہا کہ شیخ زاید کو ہم سے بچھڑے 17 برس بیت چکے ہیں لیکن وہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔میں نے ان کی قیادت میں کام کر کے بہت کچھ سیکھا۔شیخ زاید کا مقصد ہمیشہ قوم کے مفادات کا حصول اور یونین کو مضبوط کرنا تھا۔شیخ محمدبن راشد نے کہا کہ قیادت اور حکمرانی کے حوالے سے مرحوم شیخ زاید  کی میراث ملک کی نئی نسل کے لئے قابل قدر ہے۔ یہ بحران سے نمٹنے اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کا سبق ہے۔ شیخ محمد بن راشد نے مزید کہا کہ ہم اس موقع پر تمام امارات کے حکمرانوں کو بھی نہیں بھولے جنہوں نے مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی حمایت کی اور یونین کو مستحکم کرنے میں ان کا ساتھ دیا۔

 

شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ گزشتہ پچاس برسوں میں ہم  نے معیشت،سیاست اور سیکیورٹی کے حوالے سے بہت سی مشکلات کا سامنا کیا ہے تاہم ہم نے ان تمام مشکلات کا ثابت قدمی اور خود اعتمادی کے ساتھ مقابلہ کیا۔ہمیں آج کے دن یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ ہم پچاس سال پہلے کہاں تھے اور آج کہاں کھڑے ہیں۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے پیغام میں متحدہ عرب امارات کی ترقی اور مختلف شعبوں میں کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔

 

انہوں نے مستقبل میں بھی تمام امارات کے اتحاد،استحکام، ترقی،فلاح و بہبود اور امن و سلامتی کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے اگلے پچاس برسوں کیلئے متحدہ عرب امارات کے وژن پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات کی عوام مزید محنت اور لگن کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

SOURCE: KHALEEJ TIMES

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button