Uncategorizedپاکستانی خبریں

پاکستان کے صوبہ خیبرپختوانخوا میں خاتون سے بالیاں چھیننے کا واقعہ ، معمر خاتون کے کان بری طرح زخمی

خلیج اردو
15 ستمبر 2020
کرک: پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک معمر خاتون کے کانوں سے سونے کی بالیاں چھننے کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں مبینہ طور پر خاتون کی کان کی لویں کٹ گئیں ہیں۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں 10 ستمبر کو تھانہ صابر آباد کی حدود میں دن دیہاڑے ملزم نے خاتون کے کانوں میں پہنے سونے کی بالیاں چھننے کے دوران اسے مبینہ طور پر زخمی بھی کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری تصاویروں کا حوالہ دیتے ہوئے خاتون کے رشتہ دار واجد خٹک نے خلیج اردو سے گفتگو میں کہا کہ تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کے دونوں کانوں کی لویں کٹ چکی ہیں۔ تاہم مذکوروہ تصاویروں کو سوشل میڈیا پرکئی جگہوں کے واقعات کے ساتھ جوڑ کر پوسٹ کیا جا چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق خاتون کا نہ طبی معائنہ ہوا ہے اور نہ ہی انہیں کسی اسپتال میں طبی امداد دی گئی ہے بلکہ رویتی طریقوں سے خون بند کرنے کیلئے ادویات کا استعمال کیا گیا ہے۔

واقعہ کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ علاقہ کے عمائدین نے رویتی جرگہ میں ملزم کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

واقعہ کے حوالے سے تھانہ صابر آباد کے ایس ایچ او آصف شریف نے بتایا کہ متائثرہ خاتون وقوع کے روز بکریاں چرارہی تھی کہ ملزم نے پاس جاکر ان سے حال احوال پوچھا ہے اور پھر کانوں سے سونے کی بالیاں چھین کر فرار ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اویس نامی نوجوان کو گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کرائی جا چکی ہے جس کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تاہم مسٹر شریف نے واقعہ کو معمول کے جرائم میں شمار کرتے ہوئے خاتون کے کانوں کی لویں کٹنے کی تردید کی ہے۔

ایک ایسے صوبے میں جہاں کی روایات عورتوں کو بہت عزت و احترام دیتی ہے ، بزرگ خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پرمقامی صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کچھ صارفین پولیس پر جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کا الزام بھی لگا رہے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button