عالمی خبریں

یوکرینی آرمی کو امریکی فوجی اڈوں میں تربیت دی جائے گی ، امریکا کا اعلان

خلیج اردو

واشنگٹن :یوکرینی فوجی امریکی فوجی اڈوں میں تربیت حاصل کریں گے۔ واشنگٹن سے امریکی حکام کے مطابق یوکرینی فوجیوں کو پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام کے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔

پینٹاگون کے ترجمان ایئر فورس بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر نے تصدیق کی کہ یوکرینی اہلکاروں کو تربیت امریکی فوج کے فورٹ سل میں ہوگی، جو پہلے سے ہی امریکی فوج کی اکائیوں کے لیے آرٹلری اسکولوں کا مرکز ہے اور خاص طور پر پیٹریاٹس کے لیے جدید ترین سمیلیٹرز کا گھر ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی فوجی سوئچ بلیڈ ڈرونز اور دیگر فوجی تربیت امریکا میں حاصل کرتے رہے ہیں۔

روس نے اس سے قبل دسمبر میں پیٹریاٹس کو یوکرینیوں کو بھیجنے کے امریکی فیصلے کو "تنازعہ میں اضافے” کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس سے "دشمنی میں امریکی فوج کے براہ راست ملوث ہونے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

پیٹریات ایئر ڈیفنس سسٹم ہے کیا؟

پیٹریاٹ (PATRIOT) میزائل سسٹم دراصل ایک ایسا دفاعی نظام ہے، جو Phased Array Tracking Radar for Intercept on Target کا مخفف ہے۔ یہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل سسٹم ہے، جو امریکہ کی Raytheon ٹیکنالوجیز کارپوریشن کا تیار کردہ ہے۔ اس نظام کو امریکہ مسلح افواج کے پاس موجود جدید ترین اور مؤثر ترین فضائی دفاعی نظام قرار دیا جاتا ہے۔

۔ پیٹریاٹ میزائل سسٹم پہلی مرتبہ 1991ء کی خلیجی جنگ میں استعمال کیا گیا تھا، جب اس نظام کی بیٹریاں سعودی عرب، کویت اور اسرائیل کے دفاع کے لیے استعمال کی گئی تھیں۔ بعد میں یہی میزائل سسٹم 2003ء میں عراق میں امریکی فوجی مداخلت کے وقت بھی استعمال کیا گیا تھا۔

اس سسٹم کی قیمت کتنی ہے؟

پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی ایک نئی تیار کردہ بیٹری کی قیمت ایک بلین ڈالر سے زائد ہوتی ہے۔ سینٹر فار اسٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے مطابق اس ایک ارب ڈالر سے زائد لاگت میں سے تقریبا 400 ملین ڈالر تو اس سسٹم کی قیمت ہوتی ہے جبکہ ایسے میزائلوں کی ایک پوری بیٹری کی قیمت تقریباﹰ 690 ملین ڈالر بنتی ہے۔

ریتھیئون ٹیکنالوجیز کارپوریشن اب تک ایسے 240 سسٹم تیار کر چکی ہے، جو امریکہ سمیت 18 مختلف ممالک کے استعمال میں ہیں۔ یہ تمام سترہ ممالک امریکی اتحادی ہیں۔ ان میزائلوں کی طلب مشرق وسطیٰ کے خطے میں بہت زیادہ ہے، جہاں کئی ریاستیں ایران کی وجہ سے اپنی سلامتی کو خطرے میں محسوس کرتی ہیں۔

۔ یہ میزائل سسٹم دنیا بھر میں 2015ء سے لے کر اب تک اپنے عسکری استعمال کے دوران 150 سے زائد بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے روس سے مقابلے کیلئے یوکرین کو اپنا جدید پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام فراہم کرنےکا کہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button