عالمی خبریں

ہیکرز کا ٹویٹر پر حملہ

ٹویٹر کے مطابق وہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ان اکاؤنٹس سے نان پبلک ڈیٹا چرایا گیا یا نہیں

( خلیج اردو ) سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر نے تصدیق کی ہے کہ رواں ہفتے ہونے والے سائبر حملے میں ہیکرز نے 130 اکاؤنٹس کو نشانہ بنایا لیکن کسی کے پاسورڈ کو نہیں چرایا گیا۔

ٹویٹر کا کہنا ہے ہیکرز نے اکاؤنٹس کا کنٹرول حاصل کیا اور ٹوئٹس بھی کیں لیکن اب متاثرہ اکاؤنٹس سے ڈیٹا ڈاؤن لوڈنگ بلاک کر دی گئی ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

ٹویٹر کے مطابق وہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ان اکاؤنٹس سے نان پبلک ڈیٹا چرایا گیا یا نہیں۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے دنیا کی کئی مشہور ترین شخصیات کے ٹویٹر اکاؤنٹس تسلسل کے ساتھ ہیک ہوئے تھے۔ اس سائبرحملے میں دنیا کے مشہور ترین سیاستدانوں اور کاروباری شخصیات کو نشانہ بنایا گیا جن میں امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن، سابق امریکی صدر باراک حسین اوباما، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ٹیسلا کے سربراہ ایلن مسک کے اکاؤنٹس بھی شامل تھے۔

اس حملے میں ہیکرز نے متاثرہ شخصیات کے اکاؤنٹس سے ٹویٹ کے ذریعے لوگوں سے بٹ کوائن حاصل کرنے کی کوشش کی اور لالچ دی گئی کہ اگر وہ انہیں رقم فراہم کریں گے تو اس کے بدلے میں انہیں کئی گنا زیادہ رقم ملے گی۔

ٹویٹر کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے ایسے افراد جنہوں نے گذشتہ 30 روز کے دوران اپنے پاس ورڈز تبدیل کیے ہیں، وہ اکاؤنٹس تک رسائی سے محروم ہوں مگر اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ان کے اکاؤنٹس ہیک ہوئے ہیں۔

ٹویٹر کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے تاہم اس ہیکنگ نے کمپنی کے شئیر دو اعشاریہ تین فیصد گرا دیے ہیں۔

 

Source : Pakistan Media

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button