عالمی خبریں

بھارت میں حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ بلاک کر دیا گیا

خلیج اردو: بھارت میں حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ بلاک کر دیا گیا ہے۔ اکائونٹ بلاک کرنے کا دعویٰ بھارتی ذرائع ابلاغ نے کیا ہے جس نے اکائونٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہناہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارت نے حکومت پاکستان کا ٹوئٹر اکائونٹ اپنے علاقوں میں بلاک کیا ہو۔ مودی انتظامیہ اس سے قبل بھی ایسی کارروائی کر چکی ہے تاہم، اکائونٹ بعد میں بحال کر دیا گیا تھا۔

رواں سال جون میں بھارت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000ء کے تحت بھارتی حکومت نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر مختلف پاکستانی سفارت خانوں ، صحافیوں اور یہاں تک کہ کچھ اہم شخصیات کے اکائونٹس بھی بلاک کردیے تھے۔

اس کارروائی کے بعد پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک مذمتی بیان جاری کیا جس میں اس عمل کو تشویشناک قرار دیاگیا۔ دفتر خارجہ نے اپنی ٹویٹ میں بلاک کئے گئے اکائونٹس کی فہرست بھی شیئر کی تھی جن میں اقوام متحدہ، ترکی، ایران اور مصر میں پاکستانی سفارت خانے کے اکائونٹس شامل تھے۔ اکائونٹس بند ہونے پر پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے بھی یہ معاملہ ٹویٹر کے ساتھ اٹھایا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button