خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات اور سربیا میں قرنطینہ فری سفری راہداری کے قیام کا معاہدہ

خلیج اردو: متحدہ عرب امارات اور سربیا نے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والوں کیلئے قرنطینہ فری ٹریول کوریڈور کے حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط کیےہیں۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات اور سربیا کے مشترکہ تعاون اور کوآرڈینیشن معاہدے کے ایک حصے کے طور پر سامنے آیا ہے جس کا مقصد کوویڈ 19 کے خاتمے سے بحالی کے لئے اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔ قرنطینہ فری ٹریول کوریڈور سے 15 مئی تک دونوں ممالک میں صحت کے حکام کے ذریعے جاری کردہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ رکھنے والے افراد کے سفر میں آسانی ہوجائے گی۔ معاہدے کے تحت ویکسین لگوانے والے افراد کو دوسرے ملک پہنچنے پر قرنطینہ کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا تاہم وہ دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونے کے پابند ہونگے۔ دستخطوں کی تقریب کاانعقاد ورچول طور پر کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت ریم بنت ابراہیم الہاشمی اور سربیا کی جانب سے تجارت، سیاحت اور مواصلات کی وزیر تاتیانا میتک نے معاہدے پر دستخط کئے۔ یہ اقدم لوگوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور معاشرے کے تمام طبقوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ویکسی نیشن مہموں کے مطلوبہ اہداف کے حصول کے لئے دونوں ممالک کی قیادت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ نئے معاہدے کے مطابق ایسے شہری اور غیر ملکی رہائشی جو قرنطینہ فری ٹریول کوریڈور سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں کو ایسی تصدیق شدہ دستاویزات پیش کرنا ہونگی جن سے یہ ثابت ہو کہ انھیں COVID-19 سے بچاؤ کی ویکسین کا آخری شاٹ لگ چکا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین یہ شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون COVID-19 وباء کے پھیلاؤ کی وجہ سے دنیا کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے وباء کا مقابلہ کرنے اور اس پر قابو پانے کے لئے دونوں ممالک کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button