خلیجی خبریںعالمی خبریں

صومالیہ: الشباب کے فوجی اڈوں پر حملے، متعدد اہلکار ہلاک

خلیج اردو: صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب نے فوجی اڈوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق الشباب کے شدت پسندوں نے ہفتے کی صبح دارالحکومت موغادیشوکے جنوب مغربی حصے میں واقع نیشنل آرمی کے دو اڈوں پر حملہ کیا اور اس دوران دو شدید دھماکے سنے گئے جب کہ تیسرے دھماکے میں فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔

صومالیہ کی فوج کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الشباب کے حملوں میں متعدد فوجی اہلکار مارے گئے ہیں جب کہ حملوں کے بعد فوری دیگر فوجی اڈوں پر سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد متاثرہ دونوں فوجی اڈوں پر صورتحال کنٹرول میں ہے اور قریبی جنگلوں میں شدت پسندوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب الشباب نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ایک فوجی اڈے پر گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا اور دوسرا حملہ بھی اسی طرز پر کیا گیا تھا جب کہ الشباب کے جنگجو فوجی دستوں کی اڈوں پر دوبارہ تعیناتی کو بھی روکیں گے۔

الشباب کے ترجمان نے کہا کہ حملوں کے دوران ایک فوجی اڈے پر تین فوجی گاڑیاں جلائیں اور دو گاڑیاں قبضے میں لی گئیں جب کہ تیسرے حملے میں فوج کی گاڑی کو دھماکا خیز ڈیوائس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button