عالمی خبریں

بھارتی فوج کا چیتک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو پائلٹ ہلاک

خلیج اردو

ریاست اروناچل پردیش میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، دو پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

بھارتی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہوگیا تھا۔

بھارتی فوج کی 5 سرچ ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کیا گیا، منڈالا کے قریب گاؤں بنگلاجاپ سے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔

حادثے کی تحقیقات کیلئے ایک عدالتی انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے۔

ہیلی کاپٹر نے صبح 9 بجے گاؤں سانج سے پرواز کی تھی اور اسے آسام کے علاقے میساماری جانا تھا۔

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر ممکنہ طور پر منڈالا میں تباہ ہوا ہے۔

اسپیشل انوسٹی گیشن سیل کے ایس پی روہیت راجبیر سنگھ کے مطابق گاؤں والوں نے ساڑھے 12 بجے ہیلی کاپٹر کو دیرنگ کے علاقے میں زمین پر دیکھا جس میں آگ لگی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں کوئی فون سگنلز نہیں ہیں اور شدید دھند ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ صرف 5 میٹر ہے۔

2017 اور 2022 کے درمیان آرمی، نیوی اور آئی اے ایف کے تقریباً 10 چیتک اور چیتا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو چکے ہیں۔ مارچ 2022 میں، حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ پچھلے پانچ سالوں میں 45 ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر حادثوں میں ہندوستانی مسلح افواج کے 42 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

اگرچہ مسلح افواج چیتک اور چیتا کے بیڑے کو تبدیل کرنے کے لیے جدید ہیلی کاپٹروں کا مطالبہ کر رہی ہیں، لیکن ان کی خریداری پر پیش رفت انتہائی سست رہی ہے۔

 

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button