عالمی خبریں

میانمار میں فوجی حکومت نے سابق وزیر اعظم کی جماعت کو تحلیل کر دیا

خلیج اردو

میانمار :میانمار میں فوجی حکومت نے سابق وزیر اعظم آنگ سان سوچی کی جماعت نیشنل لیگ ڈیموکریسی پارٹی کو تحلیل کر دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نیشنل لیگ ڈیموکریسی کو فوجی جنتا کے الیکشن سے متعلق بنائے گئے نئے قوانین کے تحت دوبارہ رجسٹریشن کروانے میں ناکامی کے بعد تحلیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

آنگ سان سوچی کی پارٹی 2015 اور 2020 میں فوج نواز سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں بھاری کامیابی حاصل کر چکی تھی تاہم اب نئے قوانین کے تحت نیشنل لیگ ڈیموکریسی پارٹی ایک سیاسی پارٹی نہیں رہے گی۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں میانمار کی فوجی جنتا حکومت نے آنے والے  انتخابات کیلئے  تمام سیاسی جماعتوں کو دو ماہ کے اندر نئے الیکشن قوانین کے تحت دوبارہ رجسٹریشن کروانے کا حکم جاری کیا تھا۔

دوسری جانب فوجی حکومت کے مخالفین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ فوجی جنتا کے تحت ہونے والے انتخابات آزاد اور شفاف نہیں ہو سکتے تاہم اگست تک نئے انتخابات کے وعدے کے باوجود گزشتہ مہینے فوجی جنتا نے ملک میں دو سال سے نافذ ایمرجنسی کی مدت میں 6 ماہ کیلئے مزید اضافے کا اعلان کر دیا تھا۔

جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں فوجی مارشل لاء  نافذ کرنے کے بعد اب تک 31 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ  20 ہزار سے زائد افراد کو ایمرجنسی اور فوجی جنتا حکومت کی مخالفت  پر گرفتار کیا جا چکا ہے۔۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button