عالمی خبریں

سربیا سے اسلحہ بارود لیکر بنگلادیش جانیوالا طیارہ یونان میں گرکرتباہ ہوگیا

خلیج اردو: یونان کے شہرکاوالا کے نزدیک سربیا کا کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں سوار عملے کے تمام 8 افراد حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

سربیا سے بنگلا دیش جانے والا کارگو طیارہ گیارہ ٹن سے زائد اسلحہ بارود لےکر جا رہا تھا۔

سربیا کی وزارت دفاع کے مطابق کارگو طیارے میں بنگلا دیشی وزارت دفاع کا خریدا گیا ساڑھےگیارہ ٹن کا اسلحہ بارود تھا جس میں مارٹر اور ٹریننگ شیل بھی شامل تھے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہےکہ ہتھیاروں اور بارودی مواد لےکر جانے والا کارگو طیارہ شمالی یونان میں گر کر تباہ ہوا۔

حکام کے مطابق یہ طیارہ سربیا سے اردن کے لیے پرواز کر رہا تھا کہ ہفتے کو کاوالا شہر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار تمام8 افراد بھی ہلاک ہو گئے۔

سرکاری ٹی وی نے اطلاع دی ہےکہ فوج ، دھماکا خیز مواد کے ماہرین اور یونانی اٹامک انرجی کمیشن کا عملہ اس وقت تک جائے وقوع تک نہیں پہنچیں گے جب تک اسے محفوظ نہیں سمجھا جائےگا۔

جہاز کے پائلٹ نے مبینہ طور پر اڑان کے فوراً بعد انجن میں خرابی کی وجہ سے کاوالا ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی، لیکن وہ رن وے تک پہنچ نہیں سکا۔

جہاز کو ڈھاکا پہنچنے سے پہلے اردن، سعودی عرب اور بھارت میں ٹھہرنا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button