عالمی خبریں

چین میں تین دہائیوں کا بدترین فضائی حادثہ، کوئی زندہ نہ مِلا

خلیج اردو: گزشتہ روز چین میں مسافر طیارہ 29 ہزار فٹ کی بلندی سے گر کر تباہ ہوگیا جس کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق چینی فضائی کمپنی چائنا ایسٹرن ائیرلائنز کا بوئنگ 737-800 مسافر طیارہ گزشتہ روز کن منگ ائیرپورٹ سے روانہ ہوا اور گوانگ شی ریجن کے شہر ووزہو میں اس کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوا۔

حادثے کو 36 گھنٹے گزرنے کے باوجود تفتیش کاروں کو طیارے کے گرنے کی حتمی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے جبکہ ائیرکرافٹ کا بلیک باکس بھی نہیں مل سکا ہے۔

یہ حادثہ چین میں گزشتہ تین دہائیوں میں ہونے والا بدترین فضائی حادثہ ہے۔ اس سے قبل 1994 میں چائنا نارتھ ویسٹ ائیرلائنز کا طیارہ تباہ ہوا تھا جس میں 160 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

گزشتہ روز گرنے والے طیارے میں عملے میں 9 ارکان سمیت 132 افراد سوار تھے جن میں سے اب تک کوئی بھی زندہ نہیں ملا ہے۔

اطلاعات کے مطابق طیارہ 29 ہزار فٹ کی بلندی سے محض تین منٹ میں 7850 فٹ پر آیا اور پھر تیزی سے 3225 فٹ کی بلندی تک گر گیا۔ اس کے بعد طیارہ تباہ ہوگیا۔

حکام نے اب تک واضح طور پر تمام مسافروں کی موت کا اعلان نہیں کیا البتہ کسی کے زندہ بچنے کی کوئی امید نہیں ہے۔

چینی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اس حادثے کے بعد ائیرلائن نے بوئنگ 777-800 طیارے گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button