عالمی خبریں

چین نے افغان اثاثے بحال نہ کرنے پر امریکا کو ڈاکو قرار دیدیا

خلیج اردو: چین نے امریکا کی جانب سے افغانستان کے اثاثے اپنے پاس رکھنے کے عمل پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

افغان اثاثوں سے متعلق امریکی فیصلے پر درعمل دیتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغان عوام کی رضا کے بغیر امریکا نے افغان اثاثوں پر فیصلہ کیا۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ امریکا نے افغان عوام کی مرضی کے بغیر افغان اثاثے اپنے پاس رکھے، امریکا کا یہ عمل ڈاکوؤں کے طرز عمل سے مختلف نہیں ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی فیصلے سے پھر ثابت ہوا کہ امریکا اپنے دعوؤں کے برعکس کمزوروں کا دفاع نہیں کرتا، ثابت ہوا امریکا اپنے فیصلے صرف اپنی بالادستی کے لیے کرتا ہے۔

وانگ وین بن کا کہنا تھا کہ افغان عوام کے مجرم امریکا کو افغان عوام کی مشکلات بڑھانی نہیں چاہئیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ امریکا کو افغان عوام کے تمام اثاثے غیر منجمد کرنے چاہئیں اور افغانستان سے یک طرفہ پابندیاں جلد ہٹانی چاہئیں۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کو افغانستان میں انسانی بحران کم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے ذریعے امریکی بینکوں میں موجود افغان حکومت کے اثاثوں میں سے 3 ارب ڈالر نائن الیون کے متاثرین کو دینے کی منظوری دی تھی۔۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button